بجٹ 202627: میک اپ اور بیوٹی مصنوعات سستی ہونے کا امکان
حتمی فیصلہ وفاقی بجٹ کی منظوری کے بعد سامنے آئے گا، تاہم مجوزہ اقدامات کا مقصد بعض درآمدی صارف اشیا پر مالی بوجھ کم کرنا بتایا جا رہا ہے۔
اسلام آباد: وفاقی بجٹ 2026-27 میں درآمدی بیوٹی اور کاسمیٹک مصنوعات پر عائد بعض ڈیوٹیوں میں کمی کی تجاویز زیر غور ہیں، جس سے متعدد مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت بناؤ سنگھار اور ذاتی استعمال کی مختلف درآمدی اشیا پر ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں 2 سے 5 فیصد تک کمی پر غور کر رہی ہے۔
مجوزہ اقدامات کے تحت میک اپ کٹس، فیس پاؤڈر، آئی لائنر، مسکارا، لپ گلوس، فیس شائنر اور میک اپ بیس کریم سمیت متعدد کاسمیٹک مصنوعات پر ڈیوٹی کم کیے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔
اسی طرح بالوں کی نگہداشت اور اسٹائلنگ کے لیے استعمال ہونے والے آلات، جن میں ہیئر اسٹریٹنر، کرلنگ ڈیوائسز، ہیئر کلرز اور ہیئر ریموونگ کریمز شامل ہیں، ان پر بھی ڈیوٹی میں کمی زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدی پرفیومز، باڈی اسپرے، لوشنز، کریمز، فیس واش، سن گلاسز، پرس، بیلٹس، برانڈڈ جوتے اور ملبوسات پر بھی 2 سے 5 فیصد تک ڈیوٹی کم کی جا سکتی ہے۔
بجٹ تجاویز میں شیونگ مصنوعات اور آنکھوں کے میک اپ سے متعلق مختلف اشیا کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ مصنوعی بالوں اور دیگر بیوٹی ایکسسریز پر بھی ڈیوٹی میں کمی کی سفارش سامنے آئی ہے۔
حتمی فیصلہ وفاقی بجٹ کی منظوری کے بعد سامنے آئے گا، تاہم مجوزہ اقدامات کا مقصد بعض درآمدی صارف اشیا پر مالی بوجھ کم کرنا بتایا جا رہا ہے۔