بچےمیری ریڈ لائن ہیں،تشدد یاکسی قسم کی زیادتی ناقابل برداشت ہے:مریم نواز
چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بچوں کے تحفظ کا عزم دہرایا گیا
فائل فوٹو
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چائلڈ لیبر ڈے پر خصوصی پیغام میں بچوں سے مشقت لینے کے رجحان کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کو تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات فراہم کریں اور ان کی تعلیم، صحت اور کھیل کود کے مواقع یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پھول جیسے بچوں سے پیار کریں اور انہیں مشقت نہ کرائیں، جبکہ مہذب اور باوقار معاشرے میں بچوں کے حقوق کا احترام یقینی سمجھا جاتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آج پنجاب بچوں کے لیے محفوظ ترین ہے اور بچے میری ریڈ لائن ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں پر تشدد یا کسی بھی قسم کی زیادتی قطعی طور پر ناقابل برداشت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اینٹوں کے بھٹوں سمیت کسی بھی مقام پر چائلڈ لیبر کے ارتکاب پر سخت ترین قانونی کارروائی کا عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ “بچوں کے لیے منصفانہ مواقع، مشقت ناقابل قبول، نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار” چائلڈ لیبر ڈے کا پیغام ہے۔ پنجاب میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو سمیت دیگر سماجی بہبود کے ادارے بچوں کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ہر بچہ ہمارا مستقبل ہے، جس کے ہاتھ میں اینٹ پتھر اور لوہا نہیں بلکہ کتاب اور لیپ ٹاپ ہونا چاہیے۔ ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ کے ذریعے بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔