یہ بجٹ ریلیف،عوامی فلاح اور تنخواہ دار طبقے کے لیے ہے:وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف کا معاشی استحکام کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کا اعلان

June 12, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ بجٹ ریلیف، عوامی فلاح اور تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کا بجٹ ہے، اور معاشی استحکام کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے۔

بجٹ اجلاس کے بعد اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم کی دعاؤں سے ملک نے معاشی استحکام حاصل کیا ہے اور اس استحکام کی بدولت بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے مشکل حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور ملکی معاشی استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ وزیراعظم کے مطابق انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ معاشی استحکام کے بعد اس کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے، اور اب خوشحالی کا وقت شروع ہو چکا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشکل دور کے بعد جس بہتری اور ریلیف کا وعدہ کیا گیا تھا اس کا آغاز ہو چکا ہے۔ یہ بجٹ ریلیف کا بجٹ ہے، عوامی فلاح کا بجٹ ہے اور تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کا بجٹ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بجٹ برآمدات میں اضافے، زرعی ترقی، صنعتوں، سرمایہ کاری کے فروغ اور مجموعی معاشی ترقی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق اس بجٹ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ معیشت کی مضبوطی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں۔