پنجاب۔ کے پی کے میں آندھی بارشیں۔حادثات میں 5 افراد جاں بحق
آندھی، بارش اور ژالہ باری، کئی شہروں میں نظام زندگی متاثر
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری سے معمولات زندگی متاثر ہوگئے، جبکہ مختلف حادثات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق اور 45 زخمی ہوگئے۔
لاہور، قصور، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، چیچہ وطنی اور پاکپتن سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں آندھی اور بارش کے باعث سڑکوں پر آمدورفت متاثر رہی۔ لیسکو ریجن کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں طوفانی موسم کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے۔
ڈی آئی خان میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث کئی مقامات پر درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجلی کے کھمبے گرنے سے متعدد علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔ مختلف واقعات میں 4 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے علاقے میں موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ بعض مقامات پر معمولات زندگی متاثر ہوئے۔