میران شاہ میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 21 دہشت گردہلاک
سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 4 اہم کمانڈر بھی مارے گئے
سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور گرد و نواح میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے مزید 21 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران جاری آپریشنز میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارت کی پشت پناہی سے سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 21 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں چار اہم کمانڈر بھی شامل ہیں جن میں خالد رضا عرف سالار، مفتون، موسیٰ اور عمران عرف ایان شامل ہیں۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔
بیان کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں گزشتہ تین روز کے دوران مجموعی طور پر 48 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جس سے علاقے میں موجود دہشت گرد نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ علاقے میں ممکنہ طور پر چھپے ہوئے خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔