خیبرپختونخوا حکومت کا تین ماہ کے عبوری بجٹ پر غور، مشاورت جاری
بجٹ کی حتمی منظوری سیاسی و قانونی مشاورت کے بعد دی جائے گی اور اس حوالے سے بانی چیئرمین سے بھی رائے لی جا رہی ہے۔
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی اسمبلی میں آئندہ مالی معاملات کو چلانے کے لیے تین ماہ کے عبوری بجٹ پیش کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے مطابق بجٹ کی حتمی منظوری سیاسی و قانونی مشاورت کے بعد دی جائے گی اور اس حوالے سے بانی چیئرمین سے بھی رائے لی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ فوری طور پر بھی پیش کیا جا سکتا ہے تاہم مشاورت کا عمل جاری ہے۔
پارٹی کی پارلیمانی اجلاس میں بجٹ کے متبادل آئینی آپشنز پر بھی غور کیا گیا، جس میں آئین کے آرٹیکل 122، 123 اور 125 کے تحت “ووٹ آن اکاؤنٹ” کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال شامل تھا۔ اجلاس میں اس تجویز پر بھی قانونی ماہرین سے رائے لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ پارٹی اراکین متحد ہیں اور کوئی رکن اختلافی مؤقف اختیار نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق بجٹ کی تیاری اور پیشکش کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کا آئندہ بجٹ 15 جون کے بعد پیش کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ حکومتی سطح پر مختلف آئینی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔