اسلام آباد میں میاں بیوی کو اغوا کرنے کی کوشش،3گرفتار۔سابق پولیس اہلکارشامل
آئی نائن مرکز میں واردات، غیر ملکی شہریوں سے لوٹ مار اور ہراسانی
فائل فوٹو
اسلام آباد کے مرکز آئی نائن سے میاں بیوی کو اغوا کرنے کی کوشش کرنے والے 3 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار تین ملزمان نے جمعہ کی شام آئی نائن مرکز میں غیر ملکی شہریت کے حامل میاں بیوی کو گاڑی روک کر اسلحے کے زور پر اغوا کرنے کی کوشش کی اور انہیں ہراساں کیا۔
مزاحمت پر ملزمان نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی دستاویزات چھین کر موقع سے فرار ہوگئے۔
مدعی کی درخواست پر تھانہ انڈسٹریل ایریا نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تین ملزمان محسن، عمر اور معاویہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم محسن سابق پولیس اہلکار بتایا جاتا ہے۔
واردات کا نشانہ بننے والے میاں بیوی بالترتیب امریکی اور برطانوی شہریت کے حامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان سے تفتیش شروع کر دی ہے۔