خیبرپختونخوا میں بارشوں۔آسمانی بجلی گرنے سے تباہی۔ 7 افراد جاں بحق
شدید گرمی اور مسلسل بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا عمل جاری ہے
خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارشوں، آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش، تند ہواؤں اور بجلی گرنے سے گھروں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہو گئیں، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ جاں بحق افراد میں 2 بچے، 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، 12 خواتین اور 14 بچے شامل ہیں۔
یہ واقعات بنوں، شانگلہ اور مانسہرہ کے مختلف علاقوں میں پیش آئے، جہاں متاثرہ خاندانوں کو ریسکیو اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شدید گرمی اور مسلسل بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا عمل جاری ہے، جس سے اچانک سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
حکام نے چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے، جبکہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کو الرٹ رکھا گیا ہے۔