چیک ڈس آنر مقدمات:ثاقب چدھڑ نے تمام ادائیگیاں کر دیں،فریقین میں معاہدہ طے

اہلِ کمیشن کی موجودگی میں تمام واجب الادا رقم ادا کر دی گئی جبکہ فریقین کے درمیان معاہدے کو بھی قانونی شکل دے دی گئی۔

June 14, 2026 · قومی

 لاہور: پنجاب کابینہ کے پارلیمانی سیکرٹری ثاقب چدھڑ کے خلاف کروڑوں روپے مالیت کے چیک ڈس آنر ہونے پر درج مقدمات کے بعد اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اہلِ کمیشن کی موجودگی میں تمام واجب الادا رقم ادا کر دی گئی جبکہ فریقین کے درمیان معاہدے کو بھی قانونی شکل دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کینسر کی مریضہ بزرگ خاتون ماہ رخ نے دو روز قبل تھانہ ڈیفنس لاہور میں ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمات درج کروائے تھے، جن کے بعد مختلف حلقوں میں ان کی ممکنہ گرفتاری سے متعلق قیاس آرائیاں اور افواہیں گردش کر رہی تھیں۔

ماہ رخ نے اتوار کی شام روزنامہ امت سے ٹیلی فونک گفتگو میں بتایا تھا کہ پولیس تعاون کر رہی ہے اور پیر تک صورتحال بہتر ہونے کی امید ہے۔

دریں اثنا سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں ڈیوس روڈ لاہور کی ایک پرانی کوٹھی سے متعلق معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے اور تمام ادائیگیوں کی تکمیل کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں ماہ رخ اور ثاقب چدھڑ اپنے وکلاء کے ہمراہ موجود دکھائی دیتے ہیں جبکہ معاہدے کی قانونی کارروائی بھی مکمل کی جاتی نظر آتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ادائیگیوں اور باہمی معاہدے کے بعد معاملے کے قانونی پہلوؤں پر آئندہ کارروائی متعلقہ اداروں اور عدالتوں کی جانب سے طے کی جائے گی۔