سرکاری افسر کو گیٹ لاسٹ نہیں کہا، ایم پی اے کے بیٹے کا بیان
بعض عناصر سیاسی مقاصد کے لیے ان کے اور سرکاری اداروں کے درمیان تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں
حافظ آباد: ایک تقریب کے دوران لیگی رکن اسمبلی کے صاحبزادے میاں حیدر علی بھٹی اور ڈی پی او حافظ آباد کے درمیان مبینہ تلخی کلامی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت سامنے آگئی ہے۔
صحافی امیر حمزہ بٹ کے مطابق میاں حیدر علی بھٹی نے کہا کہ وہ اصل معاملے کی حقیقت واضح کرنا چاہتے ہیں تاکہ افواہوں کا خاتمہ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حافظ آباد کے ایک “حادثاتی سیاستدان” مامون جعفر نے پولیس افسران کی تصاویر کے ساتھ “Get Lost” لکھ کر ایک پروپیگنڈا مہم شروع کی تھی۔
میاں حیدر علی بھٹی کے مطابق انہوں نے اسی پوسٹ کے جواب میں “Get Lost” لکھا تھا، تاہم یہ الفاظ کسی ادارے، محکمے یا پولیس افسر کے لیے نہیں بلکہ صرف مامون جعفر کے لیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملاقات یا گفتگو کا تذکرہ کیا جا رہا ہے وہ بند کمرے میں ہوئی تھی، اس لیے مامون جعفر کو اس کی حقیقت کا علم ہی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افسران کے کندھوں پر بندوق رکھ کر چلانے کے بجائے مامون جعفر کو اپنی سیاست اور کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کے بقول ان کی پوسٹ خالصتاً مامون جعفر کے لیے تھی اور اس کا مقصد کسی سرکاری محکمے یا افسر کی تضحیک نہیں تھا۔
میاں حیدر علی بھٹی نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر سیاسی مقاصد کے لیے ان کے اور سرکاری اداروں کے درمیان تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم وہ ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور حقائق عوام کے سامنے لاتے رہیں گے۔