عمران خان طبی معائنے کے بعد دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل

عمران خان کو گزشتہ رات انجیکشن لگوانے کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔

June 15, 2026 · قومی

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو طبی معائنے کے بعد دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ عمران خان کو گزشتہ رات انجیکشن لگوانے کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ معائنے کے بعد عمران خان کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

بیرسٹر گوہر نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ عمران خان کو بہتر علاج کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت بھی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنے اس مطالبے کا اعادہ کرتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔