محسن نقوی کی حافظ نعیم سے ملاقات۔ایران امریکہ مفاہمت پر تبادلہ خیال
دونوں رہنماؤں نے اس مفاہمت کو خطے میں استحکام اور امن کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی مفاہمت کے بعد خطے کی تازہ صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس مفاہمت کو خطے میں استحکام اور امن کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ایران امریکا مفاہمت کے سلسلے میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر ایران امریکا مذاکرات اور حکومتی اقدامات پر حافظ نعیم الرحمن کو اعتماد میں لیا۔ ملاقات میں صومالیہ میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی فوری اور محفوظ واپسی کے لیے مؤثر سفارتی کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا، اور کشیدگی میں کمی کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اللہ کے حضور شکر گزار ہیں کہ یہ کوششیں کامیاب ہوئیں۔