منشیات کیس میں گرفتار پنکی ملزمہ کے موبائل سے 100 جی بی سے زائد ڈیٹا برآمد
ڈیٹا میں مبینہ طور پر آن لائن ٹرانزیکشنز اور مختلف کلائنٹس سے وصولیوں کی بینک سلپس کے اسکرین شاٹس بھی شامل ہیں۔
کراچی میں منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے موبائل فون سے اہم اور غیر معمولی ڈیٹا برآمد ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے کی گئی فارنزک رپورٹ تفتیشی افسر کو موصول ہو گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمہ کے موبائل سے 100 جی بی سے زائد ڈیٹا ریکور کیا گیا ہے۔
فارنزک نتائج کے مطابق موبائل فون سے 75 ہزار سے زائد تصاویر اور دیگر امیجز بھی برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیٹا میں مبینہ طور پر آن لائن ٹرانزیکشنز اور مختلف کلائنٹس سے وصولیوں کی بینک سلپس کے اسکرین شاٹس بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موبائل فون سے 13 ہزار سے زائد افراد کے کانٹیکٹس اور 42 ہزار سے زیادہ کال لاگز بھی سامنے آئے ہیں۔ مزید یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ ایک ہی ڈیوائس میں دو واٹس ایپ اکاؤنٹس استعمال کر رہی تھیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق تمام ڈیٹا کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔