پنجاب بجٹ پر پیپلز پارٹی کے تحفظات، پارلیمانی اجلاس طلب
بجٹ میں لاہور کے لیے زیادہ وسائل مختص کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع کو مطلوبہ توجہ نہیں دی گئی۔
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب کے نئے بجٹ پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی ارکان کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج پنجاب اسمبلی میں ہوگا، جس میں ارکان کو بجٹ سے متعلق پارٹی مؤقف اور تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا۔
پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی نے بجٹ کے مختلف پہلوؤں پر اپنے خدشات سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے سامنے رکھے۔ اس موقع پر انہیں بجٹ کی تفصیلات، ترقیاتی اخراجات اور مختلف شعبوں کے لیے مختص فنڈز کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
سید علی حیدر گیلانی کا کہنا ہے کہ بجٹ میں لاہور کے لیے زیادہ وسائل مختص کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع کو مطلوبہ توجہ نہیں دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ منصوبے کے اثرات شہری علاقوں میں تو نظر آتے ہیں، تاہم دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے مسائل اب بھی موجود ہیں اور اس جانب مزید توجہ کی ضرورت ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے بجٹ پر اٹھائے گئے نکات پر آئندہ اجلاس میں مزید مشاورت متوقع ہے۔