راولپنڈی: پڑوسی کی بلیک میلنگ سے تنگ لڑکی نے زندگی کا خاتمہ کر لیا

لڑکی نے اپنے گھر سے ملحقہ ایک زیرِ تعمیر مکان میں جا کر خودسوزی کی، ڈی پی او مری کا نوٹس: لڑکی کو خودکشی پر مجبور کرنے والے ملزم کی تلاش جاری

June 16, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولپنڈی : کوٹلی ستیاں کے گاؤں آریاڑی میں اوباش شخص کی مبینہ بلیک میلنگ اور مسلسل ہراسانی سے تنگ آ کر 16 سالہ لڑکی نے خود پر پٹرول چھڑک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق لڑکی نے اپنے گھر سے ملحقہ ایک زیرِ تعمیر مکان میں جا کر خودسوزی کی۔ آگ لگنے کے باعث لڑکی شدید جھلس گئی جسے تشویشناک حالت میں فوری طور پر راولپنڈی منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

تھانہ کوٹلی ستیاں پولیس نے متوفیہ کے بھائی کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ۔مقدمے کے متن کے مطابق ملزم کی شناخت لڑکی کے پڑوسی حامد کے نام سے ہوئی ہے جو مختلف نمبروں سے کالز اور پیغامات بھیج کر لڑکی کو مسلسل ذہنی اذیت کا نشانہ بنا رہا تھا اور بلیک میل کر رہا تھا۔

درج مقدمے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزم کی اس گھناؤنی حرکت کے بارے میں اس کے خاندان کو بھی آگاہ کیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود ملزم نے ہراساں کرنے کا سلسلہ بند نہیں کیا۔ آخر کار اوباش شخص کی روز روز کی بلیک میلنگ سے دلبرداشتہ ہو کر کمسن لڑکی نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

پی آر او مری کے مطابق ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے تھانہ کوٹلی ستیاں کی حدود میں پیش آنے والے خودکشی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر مبنی تفتیش کے احکامات جاری کر رکھےہیں ۔

واقعہ کے حوالے سے مقدمہ نمبر 90/26 کی رپورٹ پر ابتدائی طور پر دفعہ 322 تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج کیا گیا۔تاہم دورانِ تفتیش حاصل ہونے والے شواہد، ڈیجیٹل ریکارڈ کی روشنی میں مقدمہ میں دفعات 292-A اور 292-B تعزیراتِ پاکستان بھی شامل کر دی گئی ہیں۔

تفتیشی ٹیم نے متوفیہ سے متعلق موبائل فون تحویل میں لے کر اس کا فرانزک اور تکنیکی جائزہ شروع کر دیا ہے۔ موبائل پیغامات اور دیگر متعلقہ ڈیجیٹل ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ مزید شواہد کے حصول کے لیے کال ڈیٹیل ریکارڈ سمیت دیگر تکنیکی ذرائع سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

پولیس واقعہ کے تمام محرکات، پس منظر اور ممکنہ ذمہ داران کے کردار کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔ تفتیش کو ہر زاویے سے آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ حقائق کو مکمل طور پر بے نقاب کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

مقدمہ میں نامزد ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں متحرک ہیں اور مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔ مری پولیس اس امر کے لیے پرعزم ہے کہ تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے ۔