پٹرول میں فی لیٹر 100 روپے تک بڑی کمی کا امکان

وزیراعظم شہباز شریف عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے خواہاں ہیں

June 16, 2026 · قومی

 پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے، جس کی بڑی وجہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور مثبت سفارتی پیش رفت کو قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 70 سے 100 روپے فی لیٹر تک کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔ تاہم پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے تاحال نئی قیمتوں کے تعین کے لیے باضابطہ ورکنگ مکمل نہیں کی گئی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے خواہاں ہیں اور اسی مقصد کے تحت مختلف تجاویز پر غور جاری ہے۔ قیمتوں میں ممکنہ کمی سے متعلق حتمی فیصلہ مشاورت مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نئی قیمتوں کا تعین موجودہ فارمولے اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا، جبکہ کسی بھی کمی کا باضابطہ اعلان وزیراعظم کی منظوری کے بعد سامنے آئے گا۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں سات فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی خام تیل تقریباً 79 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل 81 ڈالر فی بیرل کے قریب ٹریڈ کر رہا ہے، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رہیں تو آئندہ قیمتوں کے جائزے میں پاکستانی صارفین کو خاطر خواہ ریلیف مل سکتا ہے۔