سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتالز کو ایم ٹی آئی کا درجہ، ڈی ایچ کیو ہسپتال بھی فعال
پانچ سو بیڈ پر مشتمل اس اسپتال کے لیے پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق کو ڈین اور ہسپتال ڈائریکٹر , پروفیسر ڈاکٹر واصل خان کو میڈیکل ڈائریکٹر مقرر
فائل فوٹو
سوات : سوات کے سب سے بڑے سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتالز کو باقاعدہ طور پر میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشنز (MTI) کا درجہ دے دیا گیا ہے، جس کے بعد اسپتال کا انتظامی ڈھانچہ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔
پانچ سو بیڈ پر مشتمل اس اسپتال کے لیے پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق کو ڈین اور ہسپتال ڈائریکٹر جبکہ پروفیسر ڈاکٹر واصل خان کو میڈیکل ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے، اس کے علاوہ بورڈ آف گورنرز بھی تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے چیئرمین ڈاکٹر امان اللہ ہوں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اصلاحات لا رہی ہے اور صحت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے اسپتال کو انتظامی و مالی طور پر زیادہ خودمختاری حاصل ہوگی، جس کے نتیجے میں عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسپتال نہ تو پرائیویٹ کیا جا رہا ہے اور نہ ہی کسی قسم کا بوجھ عوام پر ڈالا جائے گا، بلکہ کنسلٹنٹس کی او پی ڈی موجودگی اور دیگر اصلاحات سے مریضوں کو سہولت ملے گی۔ ان کے مطابق او پی ڈی صبح آٹھ بجے سے شام چار بجے تک فعال رہے گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سینٹرل اسپتال کو ڈی ایچ کیو کا درجہ دے کر فعال کر دیا گیا ہے جبکہ شیخ خلیفہ بن زید اسپتال کیجولٹی سمیت ڈی ایچ کیو اور ایم ٹی آئی نظام کے تحت کام کرے گا تاکہ مریضوں کو 24 گھنٹے بہتر سہولیات میسر آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ایک سے دو ماہ میں عوام ان اصلاحات کے مثبت اثرات محسوس کریں گے۔