پنجاب میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ

محرم الحرام کے دوران صرف منظور شدہ جلوسوں اور مجالس کی اجازت ہوگی جبکہ کسی نئی سرگرمی یا روایت کی اجازت نہیں دی جائے گی

June 17, 2026 · قومی

محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یکم سے 10 محرم الحرام (17 جون تا 26 جون) تک دفعہ 144 نافذ العمل رہے گی، جس کے تحت مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کے دوران صرف منظور شدہ جلوسوں اور مجالس کی اجازت ہوگی جبکہ کسی نئی سرگرمی یا روایت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوامی مقامات پر اسلحہ اور آتش گیر مواد کی نمائش بھی مکمل طور پر ممنوع قرار دی گئی ہے۔

اسی طرح اشتعال انگیز نعروں، اشاروں، بیانات اور ایسے مواد پر بھی پابندی ہوگی جو عوامی جذبات یا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرے۔ فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت پھیلانے والے مواد کی تشہیر پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر موجودگی، مورچے بنانے اور پتھر یا دیگر اشیاء جمع کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔ جلوس کے راستوں پر واقع دکانوں اور عمارتوں کی چھتوں پر بطور تماشائی موجودگی کی اجازت نہیں ہوگی۔

ڈبل سواری پر پابندی 9 اور 10 محرم کو نافذ ہوگی، تاہم خواتین، بزرگ شہری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

محکمہ داخلہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ سے متعلق آگاہی عوام تک وسیع پیمانے پر پہنچائی جائے۔