انجمن حسینیہ بھمبر کا کالعدم ایکشن کمیٹی سے اظہار لاتعلقی
انجمن کا کسی بھی احتجاجی تحریک سے کوئی تعلق نہیں، اور نوجوانوں کو ایسے اقدامات سے اجتناب کرنا چاہیے جو کشیدگی یا تصادم کا باعث بنیں۔
انجمن حسینیہ بھمبر آزاد کشمیر نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق محرم الحرام صبر، قربانی، ایثار اور حق و صداقت کا پیغام یاد کرنے کا مہینہ ہے، تاہم بعض عناصر کی پرتشدد سرگرمیوں کے باعث دفعہ 144 کے نفاذ سے مذہبی اجتماعات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انجمن کا کسی بھی احتجاجی تحریک سے کوئی تعلق نہیں، اور نوجوانوں کو ایسے اقدامات سے اجتناب کرنا چاہیے جو کشیدگی یا تصادم کا باعث بنیں۔
تنظیم نے کالعدم ایکشن کمیٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے تقدس اور مذہبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا احتجاج ختم کرے تاکہ عوام بالخصوص عزادارانِ امام حسین اپنے مذہبی فرائض پرامن ماحول میں ادا کر سکیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ مسائل کا حل مذاکرات، برداشت اور باہمی احترام میں ہے، جبکہ مذہبی ہم آہنگی کو ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق مختلف سیاسی و مذہبی طبقات کی جانب سے پرتشدد سرگرمیوں کی مذمت کی جا رہی ہے، اور ایسے عناصر کو خطے کے امن و امان کے لیے نقصان دہ قرار دیا جا رہا ہے۔