محسن نقوی سے برطانوی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات،تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان میں غیر قانونی مائیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانیہ کے نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر نے ملاقات کی جس میں پاک برطانیہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران برطانوی نائب وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں نے اسے عالمی امن کے فروغ میں نمایاں مقام دلایا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی، غیر قانونی مائیگریشن کی روک تھام، ادارہ جاتی تعاون اور پولیس ٹریننگ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے برطانوی نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر کی ملاقات
ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال
برطانوی نائب وزیر خارجہ نے امریکہ ایران مفاہمت پر پاکستان کے مثبت اور بھر پور کردار کو سراہا pic.twitter.com/XVGIotb999— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) June 17, 2026
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اپ سکیل منصوبے کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اس سے پاکستانی اداروں کی استعداد کار میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی مائیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
ملاقات میں جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے مسئلے کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ متعدد دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے سرگرم ہیں اور افغان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔