کے پی بجٹ عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر پیش کیا جائے گا:بیرسٹر گوہر

صوبائی اسمبلی کے تمام ارکان بجٹ اجلاس میں شریک ہوں گے اور منظوری کے عمل میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔

June 18, 2026 · قومی

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا کا سالانہ بجٹ 19 جون کو پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ صوبائی اسمبلی کے تمام ارکان بجٹ اجلاس میں شریک ہوں گے اور منظوری کے عمل میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق پارٹی کی خواہش تھی کہ بجٹ سے قبل بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی جائے، تاہم اس حوالے سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کی تیاری اور منظوری میں خیبر پختون خوا کے مفاد کو اولین ترجیح دی جائے گی اور کسی بھی ایسے فیصلے سے گریز کیا جائے گا جس سے صوبے کی ترقی متاثر ہو۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بجٹ عوامی مفاد اور صوبے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کیا جائے گا۔