محرم سیکیورٹی کیلئے اسلام آباد میں پہلی بار’محفوظ محرم‘ ایپ متعارف
اجلاس میں محرم کے دوران امن و امان کی صورتحال، جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
اسلام آباد میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں، جہاں پہلی بار “محفوظ محرم” کے نام سے خصوصی موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے تاکہ شہریوں کو سیکیورٹی نظام کا فعال حصہ بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں محرم کے دوران امن و امان کی صورتحال، جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے راستوں کی نگرانی جدید ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے لیے چار درجاتی سیکیورٹی حصار قائم کیا جائے جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے امن و امان کے قیام کے لیے علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی بھی تاکید کی۔
Muharram al-Haram / Security Arrangements
For the first time in Islamabad's history, a special app has been developed Complete geo-tagging of all Imambargahs, majalis, and procession sites; digital surveillance via drones pic.twitter.com/b4IBfeOv06
— Malik Ali Raza (@MalikAliiRaza) June 18, 2026
حکام کے مطابق “محفوظ محرم” ایپ کے ذریعے شہری مشتبہ افراد، مشکوک سرگرمیوں یا سیکیورٹی انتظامات میں کسی بھی کمی کی فوری اطلاع دے سکیں گے۔ ایپ میں لائیو لوکیشن اور تصاویر شیئر کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
مزید برآں، سیف سٹی اسلام آباد میں ایک مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جو محرم کے دوران سیکیورٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی کرے گا اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے کو مؤثر بنائے گا۔