عمران خان۔ بشریٰ بی بی کے وکالت نامے فراہم کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سات روز میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی

June 19, 2026 · قومی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط کروانے اور انہیں فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل آفس کو ہدایت کی ہے کہ سات روز کے اندر عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں اور اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواستوں کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ 30 اپریل کے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث سپریم کورٹ سے رجوع کے لیے وکالت نامے درکار ہیں، تاہم جیل حکام اب تک ان پر دستخط نہیں کروا رہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر درخواست گزار اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنا چاہتے ہیں تو انہیں وکالت نامے فراہم کیے جانے چاہئیں۔
نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ وکالت ناموں کا معاملہ نیب سے متعلق نہیں۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیل حکام اپیل کے وقت کے گزرنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ اس پر عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل آفس کو حکم دیا کہ سات روز کے اندر وکالت ناموں پر دستخط کروا کر فراہم کیے جائیں، جبکہ مزید سماعت کو جون کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دیا گیا۔