وسیم اکرم کی مسجد کیلئے وفف زمین سوشل میڈیاکہانی نکلی،حقیقت کیا ہے؟

سابق آل رائونڈر کی فلاحی تنظیم اس حوالے سے خاموش ہے

June 19, 2026 · امت خاص

 

کیا واقعی کرکٹروسیم اکرم نے کراچی میں ایک فائیو سٹار ہوٹل کے لیے مختص اپنی پانچ کنال زمین مسجد کے لیے  وقف کر دی ہے؟

سوشل میڈیا پر اس وقت ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے، جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم سفید لباس میں چند افراد کے ساتھ کسی عمارت کا سنگ بنیاد رکھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

اس تصویرکوفیکٹ چیک سے گزارا گیاتو ملتی جلتی ایک پرانی تصویر ملی۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ یہ تصویر وسیم اکرم کی نہیں، بلکہ انڈیا کی ریاست اتر پردیش میں واقع دینی ادارے جامعہ اسلامیہ اختر المدارس اور خانقاہ کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد کی تقریب کی ہے، جو 2021 میں شائع ہوئی تھی۔

دونوں تصاویر کا موازنہ کرنے پر واضح ہوتا ہے کہ اصل تصویر میں موجود ایک شخص کے چہرے کی جگہ وسیم اکرم کا چہرہ ایڈٹ کیا گیا ہے۔ ایڈٹ کی گئی تصویر میں وسیم اکرم کے پاؤں بھی نظر نہیں آ رہے، سامنے موبائل تھامے کھڑا شخص دونوں تصاویر میں بالکل ایک ہی جگہ اور ایک ہی انداز میں موجود ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ اصل تصویر میں صرف چہرہ تبدیل کیا گیا ہے۔لہٰذا، یہ دعویٰ درست نہیں۔ وائرل تصویر ایڈٹ شدہ ہے اور اس کا وسیم اکرم یا کراچی میں کسی زمین کو مسجد کے لیے وقف کرنے سے کوئی تعلق نہیں۔

سابق آل رائونڈر ایک فلاحی تنظیم ’’ ابن اکرم  ویلفیئر فائونڈیشن ‘‘ چلاتے ہیں تاہم وہ بھی اس حوالے سے خاموش ہے۔ فائونڈیشن کے سوشل میڈیاپیج پرایسی کوئی معلومات نہیں۔وسیم اکرم کی طرف سے کوئی بیان بھی سامنے نہیں آیا۔ بلکہ یہ دعویٰ ایک پوسٹ میں کیاگیاہے کہ کراچی میں فائیوسٹار ہوٹل کے لیےپانچ کنال زمین مسجد کے نام وقف کردی،اور اس کا گذشتہ دنوں سنگ بنیاد رکھاگیا ۔