اپوزیشن وزیراعظم کی آفرقبول کرے،ہم بات چیت کے لیےتیار ہیں:راناثنااللہ

سیاسی مسائل کے حل کے لیے ڈائیلاگ ضروری ہے، حکومت کی اپوزیشن کو پیشکش

June 19, 2026 · قومی

فائل فوٹو

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جمہوری طریقہ یہی ہے کہ بات چیت کے ذریعے مسائل حل کیے جائیں اور حکومت ہر قسم کے سیاسی ڈائیلاگ کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے میثاق استحکام پاکستان کی پیشکش کی ہے جو اب بھی موجود ہے، اور اپوزیشن کو چاہیے کہ اس آفر کو قبول کرے کیونکہ حکومت ہر طرح کی بات چیت کے لیے تیار ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے بتایا ہے کہ ان کی جماعت میں سیاسی ڈائیلاگ پر مشاورت جاری ہے اور وہ مشاورت کے بعد حکومت کو آگاہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے جو کردار ادا کیا اس پر اپوزیشن نے بھی اتفاق کیا ہے، اور حکومت اپوزیشن کو دوبارہ سیاسی مشاورت کی پیشکش کرتی ہے۔

رانا ثنا اللہ کے مطابق فاٹا اور پاٹا سے متعلق امور پر بھی اپوزیشن نے وزیراعظم سے بات کی ہے، جبکہ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف سے بات کر کے ٹیکس معاملات حل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے خدشات دور کرنے کی کوشش کی جائے گی، تاہم بانی سے متعلق معاملہ عدالت میں ہے اور فیصلہ عدالت ہی کرے گی۔