ای پاسپورٹ کی جانب مرحلہ وار منتقلی کا فیصلہ
محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں جدید سہولیات اور کیش لیس نظام کی منظوری
فائل فوٹو
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹ نظام میں اصلاحات سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں شہریوں کو جدید اور آسان سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں اصولی طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو مرحلہ وار مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے پاسپورٹ کے عمل میں شفافیت آئے گی ۔فراڈ اور جعلسازی کے امکانات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
اجلاس کے دوران یہ بھی طے پایا کہ پریمیم سروسز حاصل کرنے والے شہری متعلقہ سہولت کے اخراجات کے مطابق فیس ادا کریں گے۔
مزید برآں اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کو پاسپورٹ ہوم ڈلیوری کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ابتدائی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ یکم جولائی سے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کیا جائے گا تاکہ ادائیگی کا عمل مزید محفوظ اور آسان بنایا جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو پاک آئی ڈی پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا، جبکہ بزنس پاسپورٹ سے متعلق پالیسی کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا نے اجلاس میں اصلاحات اور مجوزہ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔