گلگت بلتستان: استحکام پارٹی مخصوص نشستوں کیلیے اہل قرار۔نتائج کاسرکاری اعلان

الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کی جانب سے دائر کی جانے والی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے آئی پی پی کے حق میں فیصلہ سنایا۔

June 20, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

گلگت:الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے استحکام پاکستان پارٹی کو مخصوص نشستوں کیلئے اہل قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے آئی پی پی کو مخصوص نشستیں نہ دینے کیلیے اپیل دائر کی تھی، الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کی جانب سے دائر کی جانے والی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے آئی پی پی کے حق میں فیصلہ سنایا۔

یاد رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے 4 نو منتخب آزاد اراکین اسمبلی نے استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرنے والے آزاد اراکین میں جی بی 23 گانچھے سے انور علی، جی بی 24 گانچھے سے اسد شفیق، جی بی 15 دیامر سے محمد دلپزیر اور جی بی 21 غذر سے امان علی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نےگلگت بلتستان انتخابات کےسرکاری نتائج کا اعلان بھی کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 24 میں سے 21 حلقوں کے سرکاری نتائج کا اعلان کیاگیا، الیکشن کمیشن  سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیپلزپارٹی 9، مسلم لیگ (ن) 6، آئی پی پی 4، ایم ڈبلیو ایم 1 اور آزاد امیدوار 1نشست پرکامیاب ہوئے۔نوٹیفکیشن کے  مطابق جی بی اے 9 اسکردو 3، جی بی اے 17 دیامر 3 اور  جی بی اے 15 دیامر 1 کے نتانج کا اعلان بعد میں ہوگا۔