پیٹرولیم لیوی میں ردوبدل،ڈیزل پر بوجھ بڑھ گیا

ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 19 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی شرح 72 روپے 97 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی

June 20, 2026 · قومی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی شرح میں ردوبدل کرتے ہوئے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد لیوی میں اضافہ جبکہ پیٹرول پر لیوی کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دستیاب معلومات کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 19 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی شرح 72 روپے 97 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اس سے قبل ڈیزل پر لیوی 53 روپے 26 پیسے فی لیٹر وصول کی جا رہی تھی۔

دوسری جانب حکومت نے پیٹرول پر عائد پیٹرولیم لیوی میں 40 روپے 49 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔ نئی شرح کے مطابق پیٹرول پر لیوی 66 روپے 25 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ اس سے پہلے صارفین سے 106 روپے 74 پیسے فی لیٹر لیوی وصول کی جا رہی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لیوی کی شرح میں یہ تبدیلیاں حکومتی مالیاتی پالیسی کے تحت کی گئی ہیں، جن کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔