تیزاب گردی کی شکار لیڈی ڈاکٹر کا علاج بیرون ملک کرانے کا فیصلہ

ڈاکٹر ماہ نور اس وقت کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جہاں ان کا علاج مزید ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔

June 20, 2026 · قومی

کوئٹہ میں تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے علاج کے لیے حکومت بلوچستان نے اہم فیصلہ کر لیا۔ متاثرہ ڈاکٹر کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے امریکا بھجوانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

حکومت بلوچستان کے مطابق ڈاکٹر ماہ نور کی بیرونِ ملک منتقلی کے لیے ضروری انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور اس وقت کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جہاں ان کا علاج مزید ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔

صوبائی حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ ڈاکٹر ماہ نور کے علاج کے تمام مراحل کی نگرانی کی جا رہی ہے اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل کوئٹہ کے ایک سرکاری اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی تھیں۔ واقعے کے دوران ایک وارڈ بوائے عبدالرزاق ترکئی بھی ڈاکٹر کو بچاتے ہوئے زخمی ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق حملے کے بعد ملزم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے دوران ہلاک ہو گیا تھا۔ واقعے کے بعد ڈاکٹر ماہ نور کو ابتدائی علاج کے بعد کراچی منتقل کیا گیا، جبکہ زخمی وارڈ بوائے کا علاج کوئٹہ میں جاری رہا۔

حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ متاثرہ ڈاکٹر کے مکمل علاج اور بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔