پنو عاقل،لسی پینے سے15 افراد بے ہوش،اسپتال منتقل
واقعے کے بعد متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔
پنو عاقل میں لسی پینے کے بعد بچوں سمیت 15 افراد بے ہوش ہو گئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد میں 8 بچے بھی شامل ہیں جبکہ تمام مریضوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق لسی مضر صحت تھی جس میں ممکنہ طور پر کوئی زہریلا کیڑا یا آلودگی شامل ہو گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔
اس سے قبل 3 جون کو پاکپتن کے ایک گاؤں میں ملک شیک پینے سے بھی 7 افراد کی طبیعت خراب ہو گئی تھی جن میں 5 بچے اور 2 خواتین شامل تھیں۔ متاثرین کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
اسی طرح 6 مئی کو سندھ کے علاقے میہڑ میں چائے پینے کے بعد ایک ہی خاندان کے 16 افراد کی حالت غیر ہو گئی تھی جنہیں بے ہوشی کی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا تھا۔
ڈاکٹروں کے مطابق ایسے واقعات عموماً آلودہ یا مضر صحت خوراک کے باعث فوڈ پوائزننگ کی صورت اختیار کرتے ہیں، تاہم تمام معاملات کی تحقیقات جاری ہیں۔