گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں حکومت سازی پر اتفاق
یہ پیش رفت گلگت بلتستان میں سیاسی رواداری اور جمہوری تسلسل کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔
گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت کے درمیان تفصیلی مشاورت اور باہمی اتفاقِ رائے کے بعد سیاسی اشتراک کے تحت حکومت سازی پر اتفاق ہو گیا ہے۔
دونوں جماعتوں نے باہمی اعتماد اور مشاورت کے بعد اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ خطے میں سیاسی استحکام، عوامی فلاح و بہبود اور جمہوری عمل کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر آگے بڑھا جائے گا۔
طے پانے والے مجوزہ فارمولے کے مطابق گلگت بلتستان کا وزیر اعلیٰ پاکستان پیپلز پارٹی سے ہوگا، جبکہ گورنر کا عہدہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو دیا جائے گا۔
اسی فارمولے کے تحت لیڈر آف دی اپوزیشن کا منصب بھی مسلم لیگ (ن) کے پاس ہوگا، جبکہ گلگت بلتستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے لیے بھی ن لیگ کو نمائندگی دی جائے گی۔
دونوں جماعتوں کی قیادت کے مطابق یہ ’’پبلک مینڈیٹ فارمولا‘‘ سیاسی ہم آہنگی اور باہمی مشاورت کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد خطے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنا، عوامی مسائل کا حل اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنا ہے۔
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد، عوامی خدمت اور خطے کی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت گلگت بلتستان میں سیاسی رواداری اور جمہوری تسلسل کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔