شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد آج بھی مشعلِ راہ ہے۔ صدر زرداری
جمہوریت کے لیے اان کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔ صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو کی زندگی حوصلے، قربانی اور استقامت کی روشن مثال ہے۔
بے نظیر بھٹو کے 73ویں یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ ان کی جمہوریت کے لیے خدمات پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ بے نظیر بھٹو نے سیاسی بصیرت اور جرات کے ساتھ نئی راہیں متعین کیں اور پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم کے طور پر خواتین کی قیادت کے دروازے کھولے۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو جمہوری استحکام اور آئینی بالادستی کی مضبوط حامی تھیں اور ہر مشکل میں جمہوری اصولوں پر ثابت قدم رہیں۔ ان کی جدوجہد محروم طبقات کی ترقی کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے تشدد کی سیاست کے بجائے مکالمے کو فروغ دیا اور قید و جلاوطنی کے باوجود اپنے مؤقف پر ڈٹی رہیں۔ ان کا وژن آج بھی پاکستان کے مستقبل کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی زندگی حوصلے، قربانی اور استقامت کی علامت ہے اور قوم انہیں جمہوریت، خدمت اور امید کی علامت کے طور پر یاد رکھتی ہے۔