پاک وہیلز کے سنیل منج کیخلاف بھی پیکا ہتھیار بن گیا

آڈی گاڑیوں کے پاکستان میں مبینہ آفیشل امپورٹر پریمئئر سسٹمز نے پاک ویلز کے چیئرمین سنیل منج کے خلاف قانونی نوٹس جاری کر دیا

June 21, 2026 · قومی

لاہور —آٹوموبائل انڈسٹری اور آن لائن میڈیا کے درمیان جاری تنازع ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جہاں پاک ویلز کے چیئرمین سنیل منج کے خلاف قانونی نوٹس اور پیکا ایکٹ کے استعمال نے اظہارِ رائے کی حدود اور کارپوریٹ شفافیت پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

آڈی گاڑیوں کے پاکستان میں مبینہ آفیشل امپورٹر پریمئئر سسٹمز نے پاک ویلز کے چیئرمین سنیل منج کے خلاف قانونی نوٹس جاری کر دیا ہے۔

نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنیل منج نے ایک ٹی وی پروگرام میں یہ بیان دیا تھا کہ “آڈی پاکستان” آڈی جرمنی کی براہ راست ذیلی کمپنی نہیں بلکہ ایک آزاد ری سیلر ہے، جو کمپنی کے مطابق ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

 

پریمئئر سسٹمز نے نوٹس میں سنیل منج سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے بیان پر معافی مانگیں، اسے واپس لیں اور آئندہ ایسے بیانات سے گریز کریں۔ کمپنی نے PECA 2016 کے سیکشن 20 کے تحت قانونی کارروائی کی وارننگ بھی دی ہے۔

کمپنی کے مطابق ان کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جن میں صارفین کی ای میلز شامل ہیں جو یہ ظاہر کرتی ہیں کہ وہ آڈی کے آفیشل درآمد کنندہ ہیں۔

دوسری جانب سنیل منج اور پاک ویلز کی جانب سے اس نوٹس پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اسی نوعیت کا ایک معاملہ حالیہ عرصے میں ارشاد بھٹی سے متعلق تنازع میں بھی سامنے آیا تھا، جہاں میڈیا میں کیے گئے تبصروں پر قانونی نوٹسز اور وضاحتوں کا سلسلہ بحث کا باعث بنا تھا، اور سوشل میڈیا پر اظہار رائے کی حدود اور ذمہ داریوں پر نئی بحث چھڑ گئی تھی۔

سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بھی ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں صارفین مختلف آرا دے رہے ہیں۔ کچھ لوگ پریمئئر سسٹمز کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ دیگر شفافیت اور برانڈنگ کے استعمال پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

یہ تنازع آٹوموبائل سیکٹر میں درآمدی حیثیت، برانڈ نمائندگی اور میڈیا میں اظہار رائے کی حدود کے حوالے سے ایک بار پھر بحث کو جنم دے رہا ہے۔