کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اہم رکن کا تنظیم سے علیحدگی کا اعلان
آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو گمراہ کیا گیا اور بعض کو جیلوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پس پردہ معاملات طے کیے جاتے رہے
مظفرآباد— کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور کمیٹی رکن ایڈووکیٹ راجہ امجد علی خان نے تنظیم سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں راجہ امجد علی خان نے کہا کہ جس پرامن تحریک کا آغاز عوامی مسائل کے حل کے لیے کیا گیا تھا، اس کا رخ بعد میں تبدیل کر دیا گیا اور اسے پاکستان اور کشمیر کے درمیان تعلقات کو متاثر کرنے کے لیے استعمال کیا جانے لگا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو گمراہ کیا گیا اور بعض کو جیلوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پس پردہ معاملات طے کیے جاتے رہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ مثبت اور تعمیری سیاست کی طرف واپس آئیں۔
راجہ امجد علی خان نے واضح کیا کہ ان کا پاکستان مخالف کسی بھی بیانیے یا تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر بیرونی ایما پر انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں اور وہ اس طرزِ عمل سے مکمل لاتعلقی اختیار کرتے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گمراہ کن پروپیگنڈے سے دور رہیں اور ایسے عناصر کی حمایت سے گریز کریں جو عوامی مفاد کے بجائے انتشار کو فروغ دیتے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق راجہ امجد علی خان کی علیحدگی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے تنظیمی ڈھانچے اور اندرونی سیاست پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔