فادرز ڈے:وزیراعلیٰ پنجاب کا باپوں کو خراجِ تحسین

باپ ایک سائبان کی مانند ہوتا ہے جو خود سخت دھوپ اور بارش برداشت کر کے اپنے بچوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔

June 21, 2026 · قومی

لاہور،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فادرز ڈے کے موقع پر دنیا بھر کے باپوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اولاد سے محبت کرنے، ان کی حفاظت کرنے اور ان کے حقوق پورے کرنے والے ہر باپ کو سلام پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ باپ ایک سائبان کی مانند ہوتا ہے جو خود سخت دھوپ اور بارش برداشت کر کے اپنے بچوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ایک عظیم باپ اپنی اولاد کو صرف جینا نہیں بلکہ عزت اور خودداری کے ساتھ جینا سکھاتا ہے۔ ان کے مطابق باپ وہ چراغ ہے جو ہر اندھیرے میں اولاد کے لیے روشنی کا باعث بنتا ہے۔

انہوں نے اپنے ذاتی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد محمد نواز شریف ان کے رہنما، استاد اور سب سے بڑی طاقت ہیں۔ ان کے مطابق والد کی گود پہلا مکتب اور ان کا سایہ سب سے مضبوط سہارا ہوتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ والد کی محبت اور دعائیں زندگی کے ہر مرحلے میں رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ ہر بچے کو ایسا باپ ملے جو اسے خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ دے۔