حج 2027 کیلئے مفت رجسٹریشن کا آغاز کل سے ہوگا،وزارت مذہبی امور

رجسٹریشن کیلئے شہریوں کو وزارت کی ویب سائٹ پر اپنا اکاؤنٹ بنانا ہوگا اور اپنی ذاتی معلومات کے ساتھ گروپ کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی

June 21, 2026 · قومی

 اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کے خواہشمند افراد کیلئے رجسٹریشن شیڈول جاری کر دیا ہے۔ وزارت کے مطابق عازمین 22 جون 2026 سے آن لائن رجسٹریشن کرا سکیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کا عمل سعودی عرب کی جانب سے جاری کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیا جائے گا تاکہ درخواست گزاروں کو آسان اور شفاف سہولت میسر آ سکے۔

رجسٹریشن کیلئے شہریوں کو وزارت کی ویب سائٹ پر اپنا اکاؤنٹ بنانا ہوگا اور اپنی ذاتی معلومات کے ساتھ گروپ کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔ وزارت نے ہدایت کی ہے کہ رجسٹریشن صرف خاندانی گروپوں کی بنیاد پر مکمل کی جائے۔

اعلامیے کے مطابق ابتدائی رجسٹریشن کے مرحلے میں پاسپورٹ جمع کرانا ضروری نہیں ہوگا، تاہم بعد ازاں بلنگ کے وقت درست پاسپورٹ پیش کرنا لازمی ہوگا۔ پاسپورٹ کی معیاد کم از کم 16 نومبر 2027 تک برقرار ہونا ضروری قرار دی گئی ہے۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ صرف رجسٹریشن مکمل کرنے والے افراد ہی حج 2027 کی آئندہ مراحل میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ رجسٹرڈ عازمین کو سرکاری یا نجی حج اسکیم میں شمولیت کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ یہی اصول بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر بھی لاگو ہوگا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہوگی، جبکہ حج اخراجات، پیکجز اور دیگر تفصیلات حج پالیسی 2027 کے اعلان کے ساتھ جاری کی جائیں گی۔ بلنگ کا مرحلہ ’’پہلے آئیں، پہلے پائیں‘‘ کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا اور مقررہ کوٹے کے بھرنے تک جاری رہے گا۔