افغانستان میں پھنسے ٹرک ڈرائیورکا پاکستان پہنچتے ہی سجدۂ شکر ادا

کئی ماہ بعد اپنے ملک اور اہل خانہ کے قریب آنا اس کے لیے ناقابلِ بیان خوشی کا باعث ہے

June 21, 2026 · قومی

پشاور(اُمت  نیوز) طورخم بارڈر پر اس وقت ایک جذباتی منظر دیکھنے میں آیا جب افغانستان میں کئی ماہ سے پھنسے ایک پاکستانی ٹرک ڈرائیور نے پاکستان پہنچتے ہی سجدۂ شکر ادا کیا۔

ڈرائیور نے وطن کی سرزمین پر قدم رکھتے ہی اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر موجود افراد بھی جذباتی ہوگئے اور اس منظر کو اپنے موبائل فونز میں محفوظ کرلیا۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی بندش اور تجارتی مسائل کے باعث متعدد پاکستانی ٹرک ڈرائیور طویل عرصے تک افغانستان میں رکے رہے تھے۔ بارڈر کھلنے کے بعد اب ان ڈرائیورز کی مرحلہ وار واپسی جاری ہے۔

https://x.com/Mahnoor_Haider2/status/2068602866814562547?s=20

وطن لوٹنے والے ڈرائیور کا کہنا تھا کہ کئی ماہ بعد اپنے ملک اور اہل خانہ کے قریب آنا اس کے لیے ناقابلِ بیان خوشی کا باعث ہے۔ اس دوران انہیں مالی مشکلات، روزگار میں رکاوٹ اور خاندان سے دوری جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین ڈرائیور کے جذبۂ حب الوطنی اور وطن سے محبت کو سراہ رہے ہیں۔

حکام کے مطابق طورخم بارڈر سے پاکستانی ٹرکوں اور ڈرائیورز کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔