سندھ اسمبلی کے رکن نعیم احمد کھرل انتقال کر گئے
جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور کراچی میں زیرِ علاج تھے۔
کراچی: سندھ اسمبلی کے رکن نعیم احمد کھرل طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور کراچی میں زیرِ علاج تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کا جسدِ خاکی کراچی سے خیرپور منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
نعیم احمد کھرل پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر حلقہ پی ایس-30 سے سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ وہ اپنی سیاسی زندگی میں پانچ مرتبہ سندھ اسمبلی کے رکن رہنے کا اعزاز رکھتے تھے اور اپنے علاقے میں ایک متحرک سیاسی شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔
سیاسی رہنماؤں، کارکنوں اور مختلف سماجی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔