پیٹرول کی قیمت میں کمی، حکومت نے فیول سبسڈی ختم کر دی
حکومت نے وزیراعظم کی منظوری سے فیول سبسڈی ختم کرنے پر اتفاق کیا ،نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار
فائل فوٹو
اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کا 7واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں فیول سبسڈی اسکیم کے نفاذ اور اس کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں موٹر سائیکل سواروں، چھوٹے کسانوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دی جانے والی فیول سبسڈی کے رول آؤٹ کا جائزہ پیش کیا گیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد اس کا فائدہ صارفین تک منتقل کیا جا چکا ہے، جس کے بعد حکومت نے وزیراعظم کی منظوری سے فیول سبسڈی ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے کمیٹی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الصوبائی تعاون کے تحت اس منصوبے پر مؤثر پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس عمل سے حاصل ہونے والے تجربات کو باقاعدہ طور پر دستاویزی شکل دی جائے، ڈیٹا اور ترسیل کے نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کر کے انہیں دور کیا جائے تاکہ مستقبل میں عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔