ایرانی صدر کا دورہ اور7 محرم کے جلوس: جڑواں شہروں کے لیے اہم ٹریفک ایڈوائزری جاری، ریڈ زون سیل

شہریوں کو شدید ٹریفک جام سے بچنے کے لیے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت

June 22, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد/راولپنڈی : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج 23 جون 2026 کو ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے اہم ترین سرکاری دورے اور 7 محرم الحرام کے جلوسوں کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو شدید ٹریفک جام سے بچنے کے لیے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق آج جڑواں شہروں میں کوئی مقامی چھٹی نہیں ہوگی، اس لیے دفتری اور کاروباری افراد کو اپنے معمول کے وقت سے 45 سے 60 منٹ قبل نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

 ایرانی صدر کا دورہ اور وی وی آئی پی موومنٹ

ایرانی صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ان کی آمد کا حتمی وقت خفیہ رکھا گیا ہے، تاہم درج ذیل اقدامات نافذ العمل ہوں گے۔

روٹس کی بندش: اولڈ ایئرپورٹ سے لے کر ریڈ زون تک کے راستوں پر کسی بھی وقت اچانک اور عارضی (Rolling) بندش ہو سکتی ہے۔

ریڈ زون مکمل سیل: سرینا چوک، ایوب چوک اور ایکسپریس چوک سے ریڈ زون میں داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔ ریڈ زون جانے والے شہری صرف مارگلہ روڈ استعمال کر سکیں گے۔

فیض آباد بس ٹرمینلز: فیض آباد کے تمام بس اڈے رات 9:00 بجے تک مکمل بند رہیں گے۔

2۔ جڑواں شہروں میں 7 محرم الحرام کے جلوس

سیکیورٹی اور جلوسوں کے راستوں کی وجہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے متعدد علاقے ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔

جلوس 1 (سبزی منڈی): امام بارگاہ موسیٰ کاظم سے نکلنے والا جلوس مغرب سے رات 9:00 بجے تک روڈ پر رہے گا۔

جلوس 2 (آبپارہ): امام بارگاہ G/6-2 کا جلوس شام 7:30 سے رات 10:30 بجے تک برآمد ہوگا۔

جلوس 3 (I-10 مارکیٹ): مکان نمبر 818 سے شروع ہو کر سی ڈی اے (CDA) چوک اور ڈبل روڈ سے ہوتا ہوا اسٹریٹ 88 امام بارگاہ موسیٰ کاظم تک جائے گا۔ اس دوران سی ڈی اے چوک اور ڈبل روڈ (I-10 مارکاز کے قریب) بند رہیں گے۔شہری سروس روڈ I-10/4، اسٹریٹ 23، سوہنی روڈ اور آئی جے پی (IJP) روڈ استعمال کریں۔

راولپنڈی کے متاثرہ علاقے

راولپنڈی میں بعد نمازِ مغرب نشتر اسٹریٹ (صادق آباد) سے نیا محلہ چوک تک مرکزی جلوس برآمد ہوگا۔ جس کا روٹ ٹرانسفارمر چوک، کری روڈ، چاہ سلطان، گلاس فیکٹری چوک، ظفر الحق روڈ، مری روڈ، کمیٹی چوک اور اقبال روڈ ہو گا،ان علاقوں دوپہر 3:00 بجے کے بعد کسی بھی وقت بیرئیر لگا کر راستے بند کیے جا سکتے ہیں۔

ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ وی آئی پی موومنٹ اور مذہبی جلوسوں کے بیک وقت انعقاد کی وجہ سے سڑکوں پر شدید دباؤ متوقع ہے۔ شاہراہوں کے لوپس اور وی وی آئی پی روٹس پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل ممنوع ہوگا۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ سڑکوں پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں سے تعاون کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا اچانک ڈائیورژن سے بچنے کے لیے لمحہ بہ لمحہ ‘Islamabad Updates’ کو فالو کرتے رہیں۔