پنجگور میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام۔ اسلحہ برآمد
خفیہ اطلاع پر آپریشن، راکٹ فیوز اور آئی ای ڈیز قبضے میں لے لی گئیں
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور مواصلاتی سامان برآمد کر لیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق جیرک کے علاقے میں کیے گئے آپریشن میں ایک گاڑی سے چار راکٹ فیوز اور متعدد دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) قبضے میں لیے گئے۔ اطلاعات کے مطابق یہ مواد کسی بڑے دہشت گرد حملے میں استعمال کیے جانے کا امکان تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے باعث ممکنہ دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا گیا، جس سے علاقے کو بڑے جانی و مالی نقصان سے بچا لیا گیا۔
سکیورٹی حکام نے اس کامیاب کارروائی کو بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے فورسز کے عزم کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔