اسلام آباد: ایچ نائن اتوار بازار میں خوفناک آگ، 70 سے زائد دکانیں خاکستر، امدادی کارروائیاں جاری
آگ کی شدت اور پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر راولپنڈی سے ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کی اضافی گاڑیاں اور عملہ طلب کر لیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت کے علاقے ایچ نائن (H-9) میں واقع اتوار بازار میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بازار کے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے باعث کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے بازار کے چار مختلف سیکشنز کو بری طرح متاثر کیا۔ متاثرہ حصوں میں کپڑوں اور جوتوں کے سیکشن شامل ہیں، جہاں موجود 70 سے زائد دکانیں اور اسٹالز مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔
آگ کی شدت اور پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر راولپنڈی سے ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کی اضافی گاڑیاں اور عملہ طلب کر لیا گیا۔ فائر فائٹرز اور ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے اور اسے مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد خود موقع پر موجود ہیں اور اتوار بازار میں جاری امدادی کاموں اور آگ بجھانے کے آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ اور آگ پر جلد از جلد قابو پانا ہے۔
آگ لگنے کی حتمی وجہ تبا حال معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نقصان کا حتمی اندازہ اور واقعے کی تحقیقات شروع کی جائیں گی۔