پاکستان ۔ قطر ثالثی عمل میں متحرک۔ مذاکرات کا دوسرا مرحلہ شروع

دفتر خارجہ کا علاقائی استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا اعلان

June 24, 2026 · قومی

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ پیش رفت اور معاہدے کے سلسلے میں پاکستان کے تعمیری اور مصالحتی کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں۔ دونوں ممالک کی قیادت نے دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی استحکام کے فروغ پر اتفاق کیا۔

ترجمان کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پاکستان اور قطر نے ثالث کا کردار ادا کیا۔ پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے مختلف مراحل میں جوہری پروگرام، پابندیوں اور منجمد اثاثوں سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ لبنان کی صورتحال پر بھی الگ ورکنگ گروپ کام کر رہا ہے۔ پاکستان اور قطر کی تکنیکی ٹیمیں آئندہ پیش رفت کے لیے فریقین سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان عالمی برادری کی جانب سے اپنے مثبت کردار کی پذیرائی کا خیرمقدم کرتا ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کاوشیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے صومالیہ میں یرغمال بنائے گئے پاکستانی شہریوں کی محفوظ رہائی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف سفارتی اور انسانی ذرائع کے ذریعے ان کی رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔