سرگودھا،7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنیوالا ملزم ہلاک
ہلاک ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے
سرگودھا ،سات سالہ بچی منتہیٰ زہرہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق درندہ صفت ملزم نے گزشتہ روز سات سالہ منتہیٰ زہرہ کو زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔
سی سی ڈی سرگودھا کی ٹیم ملزم کو برائے نشاندہی و برآمدگی آلہ قتل علاقہ تھانہ جھال چکیاں لے جا رہی تھی جہاں ملزمان نے سی سی ڈی ٹیم کو دیکھتے ہی اس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ سی سی ڈی کے ساتھ پولیس مقابلے میں مرکزی جنسی درندہ اپنے انجام کو پہنچ گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز زیادتی کے بعد قتل ہونے والی سات سالہ بچی کے واقعے کا مقدمہ تھانہ سٹی میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں قتل اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پانچ مشکوک افراد کو حراست میں لیا تھا۔