مستقبل کی جنگیں جدید ٹیکنالوجی کے بغیر ممکن نہیں:نیول چیف

پاکستان نیوی ہر قسم کے روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

June 24, 2026 · قومی

اسلام آباد: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ بحرِ ہند میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال خطے کے سکیورٹی ماحول پر مسلسل اثر انداز ہو رہی ہے، جبکہ مستقبل کی جنگوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ افرادی قوت ناگزیر ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیول چیف نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور پاکستان کو درپیش میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز پر اظہار خیال کیا۔

انہوں نے وار کالج کے 55ویں اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روایتی عسکری حکمت عملی کو اب جدید سکیورٹی چیلنجز سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ بحرِ ہند میں تیزی سے بدلتی صورتحال سکیورٹی ماحول پر گہرے اثرات ڈال رہی ہے، تاہم پاکستان نیوی ہر قسم کے روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف نے کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد دی اور انہیں پیشہ ورانہ مہارت، تجزیاتی صلاحیت اور جدید رجحانات اپنانے کی تلقین کی۔