حج 2027:دو روز میں 51 ہزار سے زائد درخواستیں موصول
اب تک 46 ہزار افراد نے سرکاری آن لائن پورٹل جبکہ 5 ہزار افراد نے موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کی ہے۔
اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن مہم کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، اور صرف دو روز میں رجسٹرڈ عازمین کی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق اب تک 46 ہزار افراد نے سرکاری آن لائن پورٹل جبکہ 5 ہزار افراد نے موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 41 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم جبکہ 10 ہزار نے پرائیویٹ حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔ رجسٹرڈ افراد میں پنجاب سے 24 ہزار، سندھ سے 16 ہزار، خیبر پختونخوا سے 7 ہزار اور اسلام آباد سے 3 ہزار افراد شامل ہیں۔
بلوچستان سے 800، آزاد کشمیر سے 260 اور گلگت بلتستان سے 77 افراد نے بھی حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔ رجسٹریشن کرانے والوں میں 30 ہزار مرد اور 21 ہزار خواتین شامل ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج آپریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور پیپر لیس نظام میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ عازمین کو سہولت، شفافیت اور جدید خدمات فراہم کی جا سکیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کا عمل بلا تعطل جاری رہے گا جبکہ حج اخراجات اور پیکیجز کی تفصیلات آئندہ مرحلے میں جاری کی جائیں گی۔