کراچی،9 اور 10 محرم الحرام کے دوران جلوسوں کے پیش نظر ٹریفک الرٹ جاری
مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
کراچی:9 اور 10 محرم الحرام کے دوران جلوسوں کے پیش نظر شہر میں ٹریفک الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سکیورٹی انتظامات کے باعث ایم اے جناح روڈ گرو مندر سے ٹاور تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گی۔ مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
ٹریفک پلان کے مطابق ناظم آباد سے آنے والی ٹریفک کو لسبیلہ چوک سے گارڈن ایریا اور نشتر روڈ کی طرف بھیجا جائے گا۔
لیاقت آباد سے آنے والے شہری تین ہٹی سے بائیں مڑ کر مارٹن روڈ کا راستہ اختیار کریں گے جبکہ 9 محرم کو مخصوص اوقات میں لیاقت آباد سے گرو مندر جانے والا راستہ بند رہے گا۔
حسن اسکوائر سے پیپلز چورنگی جانے والی ٹریفک کو کشمیر روڈ، جیل فلائی اوور، تین ہٹی اور نشتر روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
شاہراہ فیصل سے آنے والی گاڑیوں کو سوسائٹی لائٹ سگنل سے کشمیر روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا، جبکہ جمشید روڈ سے ایم اے جناح روڈ جانے والے ڈرائیورز کو سولجر بازار اور بہادر یار جنگ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دوران سفر متبادل راستوں کا استعمال کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔