پنجاب پولیس نے ایک سال میں41 ارب روپے اضافی اخراجات کیے
اسمبلی میں پنجاب پولیس کے مالی سال 202526 کے اخراجات کی تفصیلات پیش
فائل فوٹو
لاہور : پنجاب پولیس نے ایک سال کے دوران 41 ارب روپے سے زائد اضافی اخراجات کردیے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے مالی سال 2025-2026 کے اضافی اخراجات کی تفصیلات اسمبلی میں پیش کر دی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق مختلف سیکیورٹی انتظامات اور خریداریوں پر یہ اخراجات کیے گئے۔
سی ٹی ڈی کے لیے خصوصی سامان کی خریداری پر 43 کروڑ روپے خرچ ہوئے جبکہ مذہبی و سیاسی جماعت کے احتجاج کے دوران جلائی یا ٹوٹ پھوٹ کا شکار گاڑیوں کی مرمت پر 5 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو 1 ارب 33 کروڑ روپے سے زائد کی سپلیمنٹری گرانٹ دی گئی۔ ڈی جی خان اور کوہ سلیمان کے علاقوں میں سی ٹی ڈی کا دائرہ اختیار بڑھانے کے لیے 46 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کی گئی۔
صوبہ بھر میں مظاہروں کو کنٹرول کرنے کے لیے اینٹی رائٹ فورس پر 89 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے گئے۔ پولیس کے لیے 20 جدید آرمرڈ سکیورٹی گاڑیوں کی خریداری پر 1 ارب روپے خرچ ہوئے جبکہ مظاہروں کو منتشر کرنے کے لیے 45 کروڑ روپے کے آنسو گیس شیل بھی خریدے گئے۔