دنیا بھر سے 1000 عمرہ زائرین سعودی عرب کے شاہی مہمان بنیں گے

اس اقدام کا مقصد مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلم شخصیات، علماء اور نمایاں افراد کو عمرہ اور زیارت کی سعادت فراہم کرنا ہے

June 25, 2026 · قومی

سعودی عرب نے خادم الحرمین الشریفین کے خصوصی پروگرام کے تحت دنیا بھر سے ایک ہزار عمرہ زائرین کی میزبانی کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلم شخصیات، علماء اور نمایاں افراد کو عمرہ اور زیارت کی سعادت فراہم کرنا ہے۔

سعودی وزارتِ اسلامی امور کے مطابق خصوصی مہمانوں کی میزبانی کا یہ پروگرام مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا، جس کے تحت مختلف خطوں اور ممالک سے منتخب افراد کو سعودی عرب مدعو کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے مسلم دنیا کے مختلف طبقات کے درمیان روابط کو فروغ دینے، باہمی تعاون کو مضبوط بنانے اور اسلامی اخوت کے جذبے کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

سعودی حکام نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ مملکت حرمین شریفین کی خدمت اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

یہ پروگرام ہر سال مختلف ممالک کے ممتاز افراد کو عمرہ اور زیارت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا جاتا ہے، جسے مسلم دنیا میں ایک اہم اور منفرد اقدام قرار دیا جاتا ہے۔