ملک بھر میں یومِ عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہاہے
لاہور، کراچی سمیت بڑے شہروں میں مرکزی جلوس اور مجالسِ عزا کا انعقاد۔
شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں آج یومِ عاشور مذہبی عقیدت، احترام اور جذبۂ ایثار کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں ماتمی جلوس اور مجالسِ عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی، اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو گیا، جبکہ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جہاں جلوس سے قبل مرکزی مجلسِ عزا منعقد کی جائے گی۔
پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، گلگت، سکردو، مظفرآباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی ماتمی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر روانہ ہوں گے۔ جلوسوں کے ہمراہ روایتی علم، شبیۂ ذوالجناح اور تعزیے ہوں گے، جبکہ عزاداروں اور شرکا کے لیے مختلف مقامات پر سبیلوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔